نیوزی لینڈ کے 3 اہم کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر

87

ویلنگٹن۔14دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے 3 اہم کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلے باز روز ٹیلر‘ فاسٹ بولر ہامش بینیٹ ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے کمر میں فریکچر کی وجہ سے سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا۔ ٹیسٹ ٹیم میں شامل ٹم ساوتھی، کائل جیمسن اور ڈیرل مشیل اور کپتان کین ویلیمسن اور ٹرینٹ بولٹ 20 دسمبر کو ہیملٹن اور 22 دسمبر کو نیپئر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے لئے ٹیم کو جوائن کریں گے۔ کین ولیمسن اس وقت اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے چھٹی پر ہیں اس لئے یہ واضح نہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف ٹیم کے لئے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ نیوزی لینڈ پاکستان سے 3 ٹی ٹونٹی مقابلوں کے علاوہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کی شروعات 26 دسمبر سے ہوگی۔