نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی کمانڈر عراقی نیوی اور وزیر دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں

128
نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی کمانڈر عراقی نیوی اور وزیر دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے عراق کے سرکاری دورے کے دوران کمانڈر عراقی نیوی ایڈمرل احمد جاسم معارج اور وزیر دفاع جمعہ عناد سدون خطاب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

بحریہ کے ہیڈ کوارٹر بصرہ پہنچنے پر نیول چیف کا استقبال کمانڈر عراقی بحریہ ایڈمرل احمد جاسم معارج نے کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

عراقی بحریہ کے کمانڈر سے ملاقات میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی جس میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) میں شرکت شامل ہے۔

انہوں نے نیول بیس ام قصیر اور عراقی نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا جہاں نیول چیف کو بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں نیول چیف نے وزیر دفاع جمعہ عناد سدون خطاب سے ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

انہوں نے مشقوں اور تربیتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ عراقی وزیر دفاع نے مختلف شعبوں میں مضبوط دوطرفہ فوجی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے توسیع شدہ فوجی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔

نیول چیف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ اور وسعت آئے گی۔