38.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںنیوم میں مصنوعی ذہانت کے انفرا اسٹرکچر میں5 ارب ڈالر کی سرمایہ...

نیوم میں مصنوعی ذہانت کے انفرا اسٹرکچر میں5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو

- Advertisement -

ریاض۔14مئی (اے پی پی):سعودی عرب میں نیوم منصوبے کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو ریان فائز نے کہا ہے کہ نیوم میں مصنوعی ذہانت کی اگلی جنریشن کے بنیادی ڈھانچے کے لیے5ارب ڈالر کی سٹریٹجک سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ ایک جدید ترین ڈیجیٹل ماحول قائم کیا جا سکے۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سعودی۔امریکی سرمایہ کاری فورم کے دوران ایک مذاکرے میں کہا کہ نیوم نے اس اہم شعبے میں مضبوط بنیاد رکھ دی ہے جس کے نتیجے میں دنیا بھر سے نجی اور تجارتی سرمایہ کار راغب ہوئے ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ امریکا اس میدان میں کلیدی شراکت دار ہے اور متعدد امریکی کمپنیوں نے نیوم میں بڑی سرمایہ کاری کے وعدے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک سمارٹ سٹی یا اقتصادی زون نہیں بنا رہے بلکہ ہم عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کے ماڈل کو از سر نو تشکیل دے رہے ہیں جو کہ نجی شعبے کے بڑھتی ہوئے اعتماد اور مضبوط شراکت داری سے ممکن ہوا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ نیوم میں ایک ارب ڈالر کی لاگت سے تکنیکی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔ اس منصوبے کا رقبہ 26,500 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے جو تقریباً امریکی ریاست میساچوسٹس کے برابر ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے کے لیے کثیر سرمایہ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک نیوم میں 5000 کلومیٹر سے زائد فائبر آپٹک نیٹ ورک بچھایا جا چکا ہے، ایک جدید ڈیٹا سینٹر قائم کیا جا چکا ہے اور شمسی و ہوائی توانائی پر مبنی توانائی کا پائیدار نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ہم نے پانی کی 294 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا دی ہے اور ایک مکمل زرعی و غذائی نظام کی تعمیر شروع کر دی ہے جو صرف بنیادی ڈھانچے تک محدود نہیں بلکہ پیداوار اور تقسیم کے تمام پہلوؤں کو شامل کرتا ہے۔ ساتھ ہی ایک سماجی انفرا اسٹرکچر بھی تیار ہو رہا ہے جس میں 5000 سے زائد بستر موجود ہیں تاکہ کارکنوں اور رہائشیوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نیوم میں دنیا کی سب سے بڑی سبز ہائیڈروجن پیدا کرنے والی تنصیب تعمیر کی جا رہی ہے جس پر 8.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس منصوبے میں سعودی کمپنی ’’ایکوا پاور‘‘ اور امریکی کمپنی ’’ایئر پرڈکٹس‘‘ بھی شراکت دار ہیں، جو نیوم کو عالمی پائیدار توانائی کا مرکز بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال نیوم نے مستقبل کی ٹیکنالوجیز میں متنوع سرمایہ کاری کی جس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ ان میں ’’زیرو ایویا‘‘ اور ’’بوم سپرسونک‘‘ جیسے مستقبل کے ٹرانسپورٹ حل اور ’’بلینڈ رومییکس‘‘ جیسی کمپنیوں کے ذریعے بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کی گئی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596788

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں