نیوٹریشن انٹرنیشنل نے غذائیت کی بہتری کیلئے ’’ملرز برائے نیوٹریشن‘‘ اتحاد کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):نیوٹریشن انٹرنیشنل نے ٹیکنو سرو کے اشتراک سے پاکستان میں خوراک کی غذائیت میں بہتری اور مائیکرونیوٹرنٹس کی کمی کے خاتمے کے لئے ’’ملرز برائے نیوٹریشن‘‘ اتحاد کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ اتحاد گندم کے آٹے اور خوردنی تیل کی افزودگی (فوڈ فورٹیفکیشن) میں ملوث سٹیک ہولڈرز خصوصاً فلور ملز اور تیل صاف کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا۔اسلام …

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):نیوٹریشن انٹرنیشنل نے ٹیکنو سرو کے اشتراک سے پاکستان میں خوراک کی غذائیت میں بہتری اور مائیکرونیوٹرنٹس کی کمی کے خاتمے کے لئے ’’ملرز برائے نیوٹریشن‘‘ اتحاد کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ اتحاد گندم کے آٹے اور خوردنی تیل کی افزودگی (فوڈ فورٹیفکیشن) میں ملوث سٹیک ہولڈرز خصوصاً فلور ملز اور تیل صاف کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا۔اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں سرکاری و نجی شعبے کے رہنماؤں، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ، پاکستان وناسپتی ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس اقدام کا مقصد پاکستان میں خوراک کی بہتری کے قومی اہداف کو تقویت دینا ہے تاکہ عوام کی صحت اور نشوونما کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ ’ملرز برائے نیوٹریشن‘ ایک بین الاقوامی اتحاد ہے جو 2026 تک دنیا بھر میں ایک ارب افراد تک غذائیت سے بھرپور خوراک کی رسائی کو ممکن بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔مرکزی چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بدرالدین کاکڑ نے اس موقع پر کہاکہ یہ اتحاد پاکستان میں غذائیت کی بہتری کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے تاہم موثر ریگولیٹری نظام کے ساتھ عوامی آگاہی بھی ضروری ہے تاکہ لوگ غذائیت سے بھرپور خوراک کا انتخاب کر سکیں۔ پی ایف ایم اے، نیوٹریشن انٹرنیشنل اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ یہ مہم قومی سطح پر کامیابی سے ہمکنار ہو۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر شبینہ رضا نے کہاکہ خوراک کی بڑے پیمانے پر افزودگی، نہ صرف بچوں اور بالغوں کی نشوونما اور صحت کو بہتر بناتی ہے بلکہ آمدنی اور معاشی کارکردگی کو بھی تقویت دیتی ہے۔ پاکستان میں مائیکرونیوٹرنٹس کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے ’ملرز برائے نیوٹریشن‘ ایک اہم قدم ہے۔ٹیکنو سرو کے عالمی پروگرام ڈائریکٹر رضوان یوسف علی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم پاکستان میں اس عالمی اقدام کا حصہ بننے پر خوش ہیں، ہمارا ہدف یہ ہے کہ خوراک کی صنعت سے وابستہ افراد کو فنی تربیت، وسائل اور عالمی معیار کے مطابق سپورٹ فراہم کر کے ایک بہتر غذائی نظام کی بنیاد رکھی جائے۔نیوٹریشن انٹرنیشنل اس اتحاد کے تحت نہ صرف فلور ملز اور خوردنی تیل کے ملرز کی استعداد کار بڑھائے گا بلکہ پری مکس کی فراہمی، لیبارٹری ٹیسٹنگ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور فورٹیفکیشن سسٹمز کی فعالیت میں بھی مدد فراہم کرے گا۔یہ اتحاد خوراک کی غذائیت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صنعت کے معیار، مسابقت اور پائیدار ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور پاکستان کی غذائی خود کفالت کی کوششوں کو عملی تقویت فراہم کرے گا۔