نیوٹیک اورتکامل ، سعودی عرب کے تاریخی معاہدے پر دستخط ، پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے

194
نیوٹیک اورتکامل ، سعودی عرب کے تاریخی معاہدے پر دستخط ، پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)اورتکامل ، سعودی عرب نے تاریخی معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی سرٹیفکیشن کی جائے گی اور ان کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی ۔

پاکستان اور سعودی عرب نے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کی سرٹیفکیشن اور روزگار کی فراہمی کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ پاکستانی افرادی قوت کو تکامل اور نیوٹیک کے ذریعے روزگار فراہم کیا جائے گا ، معاہدے پر پاکستان کے وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور تکامل، سعودی عرب کی جانب سے ڈاکٹر احمد جبار الیمنی نے دستخط کئے ۔

گز شتہ روز منعقدہ تقریب سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم شراکت داری کے اس معاہدے سے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو تکامل سعودی عرب اور نیوٹیک پاکستان کی جانب سے ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن کی سہولیات دستیاب ہوں گی اور جس سے ان کو روز گار کے وسیع مواقع ملیں گے ۔

اس معاہدے سے سعودی عرب میں کام کرنے والی پہلے سے موجود افرادی قوت کے حقوق کا بھی تحفظ ہو گا ۔ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لئے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ساجد بلوچ کی قیادت میں نیوٹیک کے دیگر حکام کی سخت محنت کے بعد نیوٹیک اور تکامل اس تاریخی معاہدہ پر پہنچے ہیں ۔

توقع ہے کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں کے نتیجہ میں لاکھوں ہنر مند پاکستانی کارکنوں کو روزگار کے پرکشش مواقع ملیں گے اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس شراکت داری کے تحت نیوٹیک اور تکامل سکلز ویریفکیشن پروگرام کے تحت ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہم کرے گی اور قابلیت کی بنیاد پر ہنر مند افرادی قوت کو سرٹیفکیٹ فرہم کئے جائیں گے جو سعودی عرب میں ملازمت کے خواہش مند ہیں ،ٹیسٹنگ کے امتحانات پاکستان میں ہوں گے ۔

اس معاہدہ سے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو نیوٹیک پاکستان اور تکامل سعودی عرب کی جانب سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے ۔ سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی نے لیبر مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کے لئے جولائی 2021میں سکلز ویری فکیشن پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کے آغاز کے بعد سعودی عرب میں ملازمت حاصل کرنے کی خواہش مند پاکستانی افرادی قوت کے لئے اس کی ویری فکیشن ضروری ہو چکی ہے ۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی تارکین وطن برسر روزگار ہیں جو ترسیلات زر کے ذریعے قومی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔ سعودی عرب میں کام کرنے والی زیادہ تر افرادی قوت غیر ہنر مند یا جزوی ہنر مند ہے جس کی وجہ سے ان کا معاوضہ کم ہوتا ہے اور ترسیلات زر پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

مزید براں لیبر قوانین اور سمندر پار لیبر مارکیٹس کے بدلتے ہوئے رحجانات کے پیش نظر پاکستان کی افرادی قوت کے ایک بڑے حصے کو ہنر مند ہونے کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے جو ان کی تعلیم اور مہارتوں کی بنیاد پر جاری کئے جائیں گے ۔ اس شراکت داری سے پاکستانی ورکرز کی بہت بڑی تعداد کو قومی پیداوار کے فروغ اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی ۔