اسلام آباد ۔ 31 اگست (اے پی پی) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(نیوٹیک) اور سی پی ایس سی کے اشتراک سے ہونے والی چار روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے اختتامی سیشن کی صدارت کی۔ کانفرنس میں دس سے زائد ممالک کے وفود نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے مابین رابطہ بڑھانے کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ دس ملکوں کے وفود نے اصل پاکستان دیکھ لیا جو بہت خوبصورت بھی ہے ، پرامن بھی ہے اور مضبوط بھی ہے اور معتصب میڈیا کے پراپیگنڈا کے بالکل برعکس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فنی و پیشہ ورانہ سیکٹر کو درپیش مسائل کو مل جُل کر حل کرنا ہوگا جس سے اس خطے میں خوشحالی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس نے انڈسٹریل سیکٹر میں جذبہ پیدا کیا ہے اور انہوں نے پاکستان کے ٹیوٹ سیکٹر کو فعال بنانے اور لاکھوں بیروزگار و تربیت یافتہ نوجوانوں کو روزگار دلانے میں بھرپور تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی ماہرین کی اجتماعی بحث سے انتہائی مفید اور مثبت تجاویز سامنے آئی ہیں جو کہ نہ صرف حکومت بلکہ انڈسٹری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز تک پہنچائی جائیں گی۔