اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے موقع پر آج سی پیک فیز ٹو کیلئے پاکستان میں پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز شروع کرنے کیلئے دونوں ملک 11 معاہدوں پر دستخط کریں گے،موجودہ حکومت سی پیک کی جلد از جلد تکمیل کی خواہاں ہے اور اس مقصد کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے سی پیک فیز ٹو کیلئے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ ہنر مند افرادی قوت تیار کی ذمہ دار وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول کو سونپی جنہوں نے ہدف کے حصول کی یقین دہانی کرائی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی رہنمائی میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل کمیشن آف پاکستان (نیوٹیک )کی چیئرپرسن گلمینہ بلال احمد نے چین کا دورہ کرتے ہوئے سی پیک فیز ٹو کیلئے ضرورت کے مطابق پاکستان میں چین کے تعاون سے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز تیار کر کے مفصل بریفنگ و دلائل دےکر 11 پروگرامز جن میں ہزاروں پاکستانی ہنر مند افراد کو چینی زبان کی تربیت و مقامی سطح پر چینی زبان کے اساتذہ کی تیاری،ای-کامرس، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی، ڈرون ایپلیکیشنز، زراعت، میڈیکل لیبارٹری سائنسز، انٹیلی جنٹ مینوفیکچرنگ اور دیگر جدید شعبوں میں نصاب، ڈیجیٹل کورسز اور ڈگری پروگرامز کی مشترکہ تیاری،
پاکستانی طلبا کے لیے چین میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے والے ڈوئل ڈپلومہ اور ڈگری پروگرامز، اساتذہ کے تبادلے اور تربیت،نرسنگ، ری ہیبلی ٹیشن، فارمیسی، سمارٹ ہیلتھ، نان-فیروس میٹالرجی اور انٹیلی جنٹ مائننگ ٹیکنالوجیز میں خصوصی ورکشاپس اور تربیتی مراکز کا قیام۔تعمیراتی انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، زراعت اور ہاسپی ٹیلٹی مینجمنٹ سمیت بڑے شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفیکیشن فراہم کرنے کے لیے منصوبے شامل ہیں،
پر قائل کیا۔اس موقع پر نیوٹیک اور حکومت چین کے مابین ان منصوبوں کیلئے 11 ایم او یوز پر دستخط بھی کئے گئے تھے جس کے تحت آج دونوں ملک کے مابین معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ ان منصوبوں کی بدولت نہ صرف پاکستان میں ہزاروں ہنر مند افراد تیار ہونگے بلکہ سی پیک کے منصوبوں اور دنیا بھر میں ان کو باعزت روزگار ملے گا