
اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) قومی کمیشن برائے پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ٹیوٹ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے ملک میں معیاری پیشہ وارانہ تربیت کو یقینی بناکر نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہمی کی راہ ہموار ہوگی‘فنی و پیشہ ورانہ شعبے میں درپیش مسائل کو مل جل کر حل کرنا ہوگا۔ وہ منگل کو قومی کمیشن برائے پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک) کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ٹیوٹ کانفرنس کااختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے ۔کانفرنس میں پندرہ ملکوں کے وفود نے شرکت کی ۔کانفرنس میں فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے مختلف امور کو موضوع بحث بنایا گیاجن میں فنی تربیت میں پرائیویٹ سیکٹر کے کردار ، پیشہ ورانہ تربیت کے حامل افرادی قوت کی شناخت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنے اور نوجوانوں کو رو زگار کی فراہمی جیسے موضوعات شامل ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پندرہ ملکوں کے وفود نے اصل پاکستان دیکھ لیا ہے جو بہت خوبصورت اور محفوظ ملک ہے اور متعصب میڈیا کے پراپیگنڈہ کے بالکل برعکس ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہمیں فنی و پیشہ ورانہ سیکٹر کو درپیش مسائل کو مل جل کر حل کرنا ہوگا۔