اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) نیوٹیک کے غیر ملکی ڈویلپمنٹ پارٹنرز نے پاکستان کے ٹیویٹ سیکٹر کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے حوالہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ غیر ملکی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی جانب سے یہ یقین دہانی بدھ کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کرائی گئی ۔ اجلاس میں یورپین یونین، جرمنی، ناروے، نیدر لینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے سفیروں اور برٹش کونسل کی کنٹری ہیڈ مس روزمیری ہل شارٹ، یوایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹرجیری لبسان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈونرز نے پچھلے چند سالوں میں نیوٹیک کی کارکردگی کو سراہا اور فنی ہنر کے شعبہ کو مزید فعال بنانے میں خصوصی طور پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی قیادت اور کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے شرکاءکو نیوٹیک کی جانب سے حالیہ لئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بڑی تیزی سے تربیت پانے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھارہے ہیں جو اب ایک لاکھ کردی گئی ہے، ہماری پوری توجہ طلب کی بنیاد پر تربیت مہیا کرنے اور معیار کو اعلیٰ سے اعلیٰ ترین بنانے پر ہے۔