اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹرینگ کمیشن (نیوٹیک) کے 113 طلبہ کی چین کی اعلی یونیورسٹیوں میں تعلیم و صنعتی اداروں میں تربیت کیلئے سکالرشپ کیلئے سیلکشن کے بعد ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نے چینی-کمرشل کلچر-ٹیکنیکل ٹریننگ ایمپلائمنٹ (سی سی ٹی ای) کے تعاون سے نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے لیے سینٹر آف ایکسیلنس H-9، اسلام آباد میں بین الاقوامی چین سکالرشپ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا مقصد پاک-چین مشترکہ ڈگری/ڈپلومہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنا تھا جو چینی-کمرشل کلچر-ٹیکنیکل ٹریننگ ایمپلائمنٹ (سی سی ٹی ای) اقدامات کا حصہ ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کے صنعتی تعاون کے لیے اعلیٰ معیار کی ہنر مند پاکستانی صلاحیتوں کی تربیت کی جائے گی اور پاکستانی نوجوانوں کے کیریئر کی ترقی کی سطح کو بڑھایا جائے گا۔اس پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹرینگ کمیشن کے زیر اہتمام ملک بھر مختلف شعبوں میں زیر تربیت 113 طلبہ کا انتخاب مختلف امتحانات کے بعد کیا گیا جس میں پہلے مرحلے میں ان طلبہ کو مقامی سطح پر 8 ماہ کا چینی زبان کا کورس کرایا گیا پھر چینی اساتذہ نے ان کا آن لائن ٹیسٹ لیا جس میں پاس ہونے والے 113 طلبہ کو چینی سے ایک سال کی تربیت کیلئے چنا گیا۔ان طلبہ میں 11 طالبات کی بھی سیکشن ہوئی ہے۔
یہ 113 طلبہ پہلے چینی بہترین یونیورسٹیوں سے اپنے اپنے شعبوں میں ہنر کی اعلی ترین تربیت حاصل کرینگے پھر چین کے اعلی ترین صنعتی اداروں میں پریکٹیکل تربیت حاصل کریں گے اور جو طلبہ انکے معیار پر پورا اتریں گے انہیں وہی ملازمت مل جائے گی۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، چیئرمین نے بتایا کہ یہ سکالرشپس جو کہ پاکستان اور چین کی حکومت کی جانب سے پیش کی گئی ہیں،
نوجوان پاکستانیوں کو مختلف شعبوں جیسے کہ ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ووکیشنل ٹریننگ میں مہارت کے فروغ اور روزگار کے لیے مدد فراہم کرنے کا مقصد رکھتی ہیں جو کہ پاکستان اور چین کے مابین مضبوط دو طرفہ تعلقات کو ظاہر کرتی ہیں، چین کی حکومت نے پاکستانی نوجوانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے لیے طاقتور بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سکالرشپ پروگرام ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک قیمتی موقع ہے کہ وہ مہارت اور تجربہ حاصل کریں، جو ان کی ملازمت کے مواقع کو بڑھا دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان سکالرشپس سے فائدہ اٹھا کر وہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈال سکیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق ہم نے اپنے نوجوانوں کے لیے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کی مہارتوں کے دروازے کھول دیے ہیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان بار بار یہ بات دہرا چکے ہیں کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم اپنے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور مہارتوں کے مطابق لیس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ تکنیکی اور ووکیشنل ٹریننگ کے حوالے سے مکمل تعاون اور حمایت فراہم کی جائے۔ انہوں نے نیوٹیک کی کوششوں کو سراہا اور بتایا کہ نیوٹیک وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ملک کا سب سے بڑا ہنر مند ترقیاتی پروگرام چلا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو مہارتوں کی تربیت دے کر انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق لانا ہے۔چیئرمین نے نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ کے لیے چینی حکومت کے کردار کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستانی نوجوانوں کو ترقی کرنے اور اپنی کمیونٹیز میں مثبت اثر ڈالنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا چینی جیسی عظیم صنعتی قوتوں کے ہاں جا کر تربیت حاصل کرنا پاکستان کیلئے نہ صرف فخر کی بات ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ہمارے نوجوانوں بھرپور صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
تقریب کے آخر میں چیئرپرسن گلمینہ بلال نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی اور وزیر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی خصوصی ہدایات و رہنمائی کے نتیجے میں ممکن ہوا۔