
واشنگٹن۔29جولائی (اے پی پی):امریکی ریاست نیو یارک کے شہر روچیسٹر کے پارک میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
ڈی ڈبلیو کے مطابق نیویارک پوسٹ نے روچیسٹر پولیس کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ شام کو چھ بج کر 20 منٹ کے قریب اطلاع ملی کہ میپل ووڈ پارک میں ایک بڑے مجمع پر فائرنگ کی گئی ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے کیپٹن گریگ بیلو نے بتایا کہ فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کی عمر20سال سے زیادہ ہے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے ،
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اب تک جاری نہیں کی گئی ، اس کے اہل خانہ کی طرف سے اس کی اجازت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ روچیسٹر پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے وقت پارک کے اندر ایک پارٹی ہو رہی تھی اور کافی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد روچیسٹر پولیس کے علاوہ نیویارک پولیس کے اہلکار جائے واقعہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کسی مشتبہ شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا ۔