نیویارک کی ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس 4 نومبر سے پاکستان کا چار روزہ دورہ کریں گے

127
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

نیویارک۔3نومبر (اے پی پی):نیویارک کی ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس 4 نومبر سے پاکستان کا چار روزہ دورہ کریں گے۔ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے مقصد سے نیویارک اور پاکستان کے صوبوں سندھ اور پنجاب کے درمیان سسٹر سٹیٹ تعلقات قائم کرنا ہے ۔

فل راموس کے ہمراہ امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی اے سی اے سی)کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد کی قیادت میں ایک ٹیم بھی ہوگی ۔وفد کے دیگر ارکان میں بورڈ کے رکن ڈاکٹر پرویز اقبال کمیٹی کی فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر طارق ابراہیم، پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کے صدر امتیاز راہی ، سیکرٹری خزانہ اسد چوہدری اور جنرل سیکرٹری نعیم چوہدری شامل ہیں۔

نیویارک کی ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے دورے کے حوالے سے جاری بیان کے مطابق امریکی ریاست نیویارک اور پاکستان کے صوبوں سندھ اور پنجاب کے درمیان سسٹر سٹیٹ تعلقات کا قیام مختلف شعبوں بشمول زراعت، تعلیم، صحت، تجارت اور ثقافت میں باہمی تعاون بڑھانے میں معاون ہو گا۔فل راموس پاکستانی نژادامریکیوں کو پاکستان میں میڈیکل انشورنس کروانے میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایسے افراد کو اب تک امریکا میں ہیلتھ انشورنس کرانے کے باوجود پاکستان میں علاج کروانے کی صورت میں اس کے اخراجات خود برداشت کرنا پڑتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مسئلہ حل ہونے کی صورت میں دونوں ممالک یکساں طور پر اس ترقی کے مالیاتی فوائد حاصل کریں گے۔ فل راموس دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد، لاہور، جڑانوالہ اور کراچی کا دورہ کریں گے اور عوام سے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقات کریں گے۔