نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ہلڑ بازی، آتش بازی،ہوائی فائرنگ، بلاسائلنسر موٹر سائیکل چلانے اور ون ویلنگ پر پابندی عائد

176
ٹانک پولیس لائنز میں دہشتگردوں کے حملے کامقابلہ کرنے والے پولیس جوانوں میں نقد انعامات تقسیم

فیصل آباد۔ 28 دسمبر (اے پی پی):حکومتی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر کے تمام شہروں میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن وامان کی فضا برقرار رکھنے اور نوجوانوں کی طرف سے ہلڑ بازی کے ذریعے شہریوں کے سکون کو غارت کرنے کے تدارک کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت مختلف پابندیاں عائد کرنے کا حکم جاری کیاگیا ہے

جس کے تحت سڑکوں،شاہراہوں،تفریحی مقامات اور عوامی جگہوں پر موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کرنے اور سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے کی ممانعت ہوگی جبکہ ہوائی فائرنگ و آتش بازی کرنے اورکھلے عام ہر قسم کا اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی کے علاوہ ڈیک یا ٹیپ ریکارڈر کے ذریعے اونچی آواز میں گانے بجانے والوں کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ فیصل ۱ٓباداور ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز، سٹی و ڈسٹرکٹ پولیس ۱ٓفیسرز کی سربراہی میں حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایاجائیگااور قانون شکنوں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے بتایاکہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر تمام تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس، محافظ سکواڈ،ڈولفن فورس کے دستے مختلف شاہرات پر گشت کریں گے جبکہ تمام اہم شاہرات کے مختلف پوائنٹس پر ٹریفک وارڈنز اور پولیس کی نفری بھی تعینات کی جائے گی تاکہ کسی شخص کو بد امنی پھیلانے یا قانون شکنی کی ہمت نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ہلڑ بازی کرنے والے نوجوانوں کے والدین کے ساتھ بھی سخت رویہ اختیار کیا جائے گا اسلئے انہیں چاہیے کہ وہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں موٹر بائیکس لے کر گھر سے نہ نکلنے دیں بصورت دیگر نتائج کی ذمہ داری ان پر عائد ہو گی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔