اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) قومی کمیشن برائے پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت (نیو ٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام فیز فور کے تحت ایک لاکھ لڑکوں اور لڑکیوں کو جدید فنون میں تربیت دی جائے گی، نیوٹیک چین کے تعاون سے5.56 ملین ڈالر کی لاگت سے نیشنل ٹریننگ بیورو کو عالمی معیار کا انسٹیٹیوٹ بنایا جائے گا، اٹلی کے تعاون سے7.6ملین ڈالر کی لاگت سے فاٹا کے ایک ہزار نوجوانوں کیلئے 17 جدید فنون میں تربیت شروع کی جائے گی اور کورین حکومت کے تعاون سے ایس ڈی سی میرا بھلگوال میں چار جدید فنون میں تربیت شروع کی جائے گی۔ جمعرات کو نیوٹیک بورڈ آف مینجمنٹ کا سولہواں اہم اجلاس یہاں نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس کی صدارت نیسلے انٹرنیشنل کے وقار احمد نے کی۔ اجلاس میں اہم وزارتوں کے اعلیٰ افسران، صوبائی ٹیوٹاکے نمائندوں اور معروف صنعتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام ممبران نے نیوٹیک کے صلاحیتی اقدامات کو سراہا اور نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ کو پاکستان میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹیوٹ کانفرنس کے انعقاد اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وقار احمد نے فنی صلاحیت کی حامل افرادی قوت کو ملک میں سماجی و اقتصادی اور معاشی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا اور موجودہ سسٹم میں مزید بہتری لانے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ستارہ گروپ کے مالک میاں محمد ادریس نے ہنر مندی کی عالمی کانفرنس کو بہت کامیاب قرار دیا۔