گوادر۔26جون (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی پی اے) کے زیر اہتمام نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے پی) پر رات کے وقت پہلی فائر ایمرجنسی مشق کامیابی سے انجام دی گئی۔ مشق میں فرضی ہوائی حادثہ اور طیارے کی آگ کی نقل تیار کی گئی جس کے دوران فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیموں نے آگ کو بجھایا۔ مشق کا مقصد رات کے وقت کم روشنی اور محدود بصارت کے حالات میں ریسپانس کا جائزہ لینا تھا۔ جمعرات کو ترجمان پی پی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں بروقت جائے وقوعہ پر پہنچیں اور موثر ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ تمام اداروں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن نے بروقت کارروائی کو یقینی بنایا۔ مشق میں ٹریاژ زون قائم کیا گیا جہاں زخمیوں کی درجہ بندی اور فوری طبی امداد فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
طبی عملے نے متاثرین کو حالت کے مطابق ترجیح دے کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ مشق میں ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف)، ریسکیو و فائر فائٹنگ ٹیموں، طبی عملے اور دیگر ایجنسیوں نے بھرپور حصہ لیا اور باہمی ہم آہنگی سے مشترکہ آپریشن سرانجام دیا۔ چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر (سی ایف آر او) کی زیر نگرانی مشق میں فیلڈ کمانڈ اور ایئرپورٹ ایمرجنسی پلان (اے ای پی) کا عملی جائزہ لیا گیا۔ مشق کے دوران سینئر حکام نے تمام مراحل کا بغور معائنہ کیا۔ یہ مشق رات کی ہنگامی صورتحال میں لائٹنگ، ویزبیلیٹی اور کمیونیکیشن سسٹمز کی فعالیت کو جانچنے کے لیے بھی اہم ثابت ہوئی۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اپنے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں و عملے کی سلامتی اور آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔