نیو یارک، پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پریڈ کا انعقاد، میئر ایرک ایڈم اور سینکڑوں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی

132
Independence Day
Independence Day

نیو یارک۔26اگست (اے پی پی):امریکا کے شہر نیو یارک میں پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پریڈ کا انعقاد کیا گیاجس میں نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈم ، امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی اے سی اے سی) کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد اور سینکڑوں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے شرکت کی،زیادہ تر پاکستانی قومی لباس میں تھے۔ میئر نیو یارک سٹی ایرک ایڈم نے پاکستانیوں کے اجتماع کو خوش آمدید کہا اور انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’قائد اعظم زندہ باد‘‘ کے نعروں کے درمیان کہا کہ میں پاکستانی کمیونٹی کا دوست ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔

پریڈ کی قیادت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ( این وائے پی ڈی)کے ایک یونٹ اور بینڈ نے کی۔نیویارک پولیس میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی امریکیوں کے ایک گروپ نے بھی پریڈ کے ساتھ مارچ کیا۔ اس موقع پر پاکستانی ثقافت پر مبنی فلوٹس بھی موجود تھے جن پر بینڈوزنے حب الوطنی کے گیت گائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے پی پی اے سی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے امریکی سیاسی نظام میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی فعال شرکت پر زور دیا اور تجویز پیش کی کہ اس طرح اقدامات سے ملک کےسماجی و اقتصادی منظرنامے پر زیادہ اثر پڑے گا۔ تنظیم کے نمائندے اسد چوہدری نے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد کے خاص طور پر نوجوانوں کو مقامی سیاست میں حصہ لینے، ووٹ رجسٹر کرانے اور زیادہ اثر و رسوخ حاصل کرنے کے وژن کے لیے متحد ہونے پر زور دیا۔