نیو یارک میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات اور روابط میں بہتری آئی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

75

نیو یارک میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات اور روابط میں بہتری آئی ہے
ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی)دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت ترقیاتی سرگرمیوں کی آڑ میں افغان سرزمین پاکستان میں تخریب کاری کیلئے استعمال کر رہا ہے، بھارتی آرمی چیف کا سٹرائیکس کے حوالے سے بیان سراسر جھوٹ ہے،اس قسم کے بھارتی بیانات غیر زمہ دارانہ اورخطے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک ہیں،عالمی برادری بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لے۔پاکستان کا ایٹمی پروگرام پر امن اور مکمل محفوظ جبکہ ایٹمی تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے موثرکمانڈ اینڈکنٹرول سسٹم قائم ہے۔پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہے۔یہ باتیں دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہیں۔ایٹمی پروگرام کے حوالے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور اس کے تحفظ کیلئے موثر کمانڈ انیڈ کنٹرول سسٹم موجود ہے۔پاکستان اس سلسلے میں عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کیساتھ بھر تعاون کر رہا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان کئی علاقائی ممالک کو نیوکلیئر تحفظ کے حوالے تربیت بھی فراہم کررہا ہے،اس مقصد کیلئے سنٹر آف ایکسلینس میں تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میڈیا میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کی جانب سے تصویر کو بار بار اچھال رہا ہے۔بھارت کشمیریوں پر مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے اس مخصوص واقعے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے،جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تازہ رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو تسلیم کیاہے اور پیلٹ گنز کے استعمال کے نتیجے میں بصارت سے محروم درجنوں کشمیری نوجواں کی تصاویر جاری کی ہیں جس سے بھارت انکار نہیں کر سکتا۔