برسلز ۔5جولائی (اے پی پی):نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کے عہدے کی مدت میں ایک بار پھر ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی معیاد میں چوتھی بار ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں رکن ممالک میں اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔
سربراہانِ مملکت اس فیصلے کی منظوری 11 تا 12 جولائی کو لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں متوقع نیٹو سربراہی اجلاس میں دیں گے۔فیصلے کی رُو سے جینز سٹولٹن برگ یکم اکتوبر 2024 تک نیٹو سیکرٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہیں گے۔
جینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ نیٹو اتحادیوں کی طرف سےان کے فرائض کی مدت میں اضافے کا فیصلہ ان کے لیے فخر کی بات ہے۔واضح رہے کہ جینز سٹولٹن برگ یکم اکتوبر 2014 سے نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر فائز ہیں۔ اس سے قبل ان کے عہدے کی مدت میں 3 بار توسیع کی جا چکی ہے۔