اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) نیپال کی ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان ٹیم کو فرسٹ انٹرلوپ انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں باآسانی 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 4-0 سے اپنے نام کرلی۔ سیریز کا ایک میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ پیر کو شالیمار کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ نیپالی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 10.4 اوورز میں بغیرکسی نقصان پر حاصل کرلیا۔ نیپال کی جانب سے مانکسی نے 36 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 81 رنز ناٹ آوٹ بنائے، آشا ریگامی نے 32 رنزبنائے۔ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آشاریگامے اور مانکسی چودھری نے پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی انٹرلوپ لیمیٹڈ کی وائس پریذیڈنٹ فریال صادق نے سابق وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور چئیرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کے ہمراہ کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔ نیپالی کپتان بھاگوتی بھٹاوا نے وننگ ٹرافی اورایک لاکھ روپے کیش ایوارڈ وصول کیا۔ پاکستانی کپتان رابعہ شہزادی کو رنرز اپ ٹرافی اور پچاس ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا گیا۔ سیریزکی بہترین کھلاڑی میں B-1 کیٹیگری میں نیپال کی مونا آریل B-2 میں مانکسی جبکہ B-3 کیٹیگری میں نیپال ہی کی بینتا قرار پائیں۔ بیسٹ وکٹ کیپرکا اعزاز پاکستان کی کرن رفیق نے حاصل کیا جنہیں ٹرافیز کے ساتھ پچیس ہزار روپے کیش ایوارڈز بھی دیئے گئے۔