اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)آسان اپروچ موبائل ایپلی کیشن کو 22723 صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا جس میں سے اینڈرائیڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 945 ہے جبکہ ایپل موبائل کے سافٹ وئیر آئی او ایس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 778 ہے۔
نیپرا کی جاری رپورٹ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے صارفین آسان اپروچ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی شکایات کا اندراج کرواتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی سی ایم ایس)کے ذریعے 31 جولائی 2024 سے لے کر 30 اکتوبر 2024 تک 12 ہزار 938 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 12,490 شکایات کو حل کر لیا گیا جبکہ 448 شکایات ابھی زیرالتواء ہیں۔
نیپرا کی رپورٹ کے مطابق مکمل حل شدہ 12 ہزار 490 شکایات میں سے 10 ہزار 62 کو مقررہ مدت میں حل کیا گیا جبکہ 2 ہزار 428 کو تاخیر سے دور کیا گیا۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 3 ہزار 588 لیسکو صارفین نے شکایات درج کروائیں جبکہ کیسکو میں صرف 43 شکایات درج ہوئیں ، کے الیکٹرک میں ٹوٹل 1 ہزار 268 شکایات درج ہوئیں جن میں سے 1 ہزار 262 کو فوری حل کیا گیا جبکہ صرف چھ ابھی زیرالتواء ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ شکایات کے فوری ازالہ کے لئے فیسکو ، گیپکو اور کےالیکٹرک سرفہرست رہے۔