نیپرا نے ڈسکوز کے فروری کے ماہانہ ایف سی اے کی مد میں 0.0006 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

235
Nepra
Nepra

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے فروری کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں 0.0006 پیسے (1 پیسے سے بھی کم) فی یونٹ کمی کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ۔اس سے قبل جنوری کا ایف سی اے صارفین سے 48 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف 1 ماہ کے لئے تھا ۔

فروری کا ایف سی اےجنوری کی نسبت 48 پیسے فی یونٹ ڈسکوز صارفین سے کم چارج کیا جائے گا۔ ترجمان نیپرا کی طرف سے منگل کو جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ایف سی اے کا اطلاق صرف اپریل کے ماہ کے بلوں پر ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہو گا۔ لائف لائن صارفین ، 300 یونٹس تک گھریلوصارفین ،زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز سمیت کے الیکٹرک صارفین پراس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اتھارٹی نے 30 مارچ 2023 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی ، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے جی) نے ایف سی اے کی مد میں 85 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی تھی ۔