نیپرا کی جانب سے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تھری گورجز ونڈ فارم کے لیے بہترین کارکر دگی کا ایوارڈ

85

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی): نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے سی پیک کے تحت کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تھری گورجز ونڈ فارم کو ’’بہترین کارکردگی ‘‘ کے اعزاز سے نوازا ہے ۔

اس حوالے سے تقریب ’’ایچ ایس ای ریکگنیشن اور ایوارڈز کی تقسیم 2022‘‘ کے عنوان سے بدھ کو نیپرا ٹاور اسلام آباد میں منعقد ہوئی جو نیپرا کے وژن’’پاور ود سیفٹی‘‘کی عکاس تھی۔ نیپراکے مطابق، تھری گورجز ونڈ فارم اور کروٹ پاور کمپنی لمیٹڈ نے ہیلتھ سیفٹی اینڈ انوائر مینٹ مینجمنٹ سسٹم میں بہترین کار کردگی دکھائی ہے ۔ ان اداروں کا ایچ ایس ای سسٹم نہ صرف صارفین، ملازمین اور ٹھیکیداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے وقت سے پہلے تیار کر تا ہےبلکہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ مذکورہ تمام افراد حفاظتی اقدامات کو متواتر اپنے معمولات کا حصہ بنائے رکھیں ۔

ایوارڈ کی تقسیم کے لئے پاور سیکٹر ریگولیٹر کے طور پر نیپرا نے سال 2022 میں اپنے لائسنس یافتہ اداروں کے آپریشنل ہیلتھ، سیفٹی اور انوائرمنٹ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لے کر ان کی کار کر دگی کی جانچ کی ۔ نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ 20 کے قریب ’’اسسمنٹ کیٹیگریز‘‘ کے لئے لائسنس یافتہ اداروں کی جانب سے جمع کرائے گئے نمونہ دستاویزات، ریکارڈز اور شواہد کی بنیاد پران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اسسمنٹ کے بعد نیپرا کے مقرر کردہ معیار پرپورا اترنے والے تھری گورجز ونڈ فارم (ٹی جی ڈبلیو) اور کروٹ پاور کمپنی لمیٹڈ (کے پی سی ایل) کو ”بہترین کارکردگی“ کا مظاہرہ کر نے والے اداروں کے طور پر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

اس موقع پر چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے نیپرا کی ”پاور وتھ سیفٹی“ کی مہم کے اہم نکات پر روشنی ڈالی اور اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ ہیلتھ ، سیفٹی اور انوائرمینٹ کے متعلق مسائل نیپرا کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کے تحت پاور پراجیکٹس کے سیٹ اپ کی وجہ سے پاکستان اب تک ایک اطمینان بخش صورتحال میں ہے ۔

پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اب تک سی پیک کے تحت توانائی کے 11 منصوبے لگائے گئے ہیں جن میں ہائیڈرو، سولر، ونڈ اور کوئلے کے منصوبے شامل ہیں اور کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے ہر سال کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 3.5 ملین ٹن کمی متوقع ہے۔تھری گورجز ونڈ فارم کا ایوارڈ پروجیکٹ منیجر (سی ٹی جی او) ژنگ کان،ایچ ایس ای منیجر (سی ٹی جی او) بلال ثاقب نے وصول کیا جبکہ کروٹ پاور کمپنی لمیٹڈ کا ایوارڈ جنرل منیجر ایچ ایس ای (سی ایس اے آئی ایل)نعیم اختر ، اور سینئر منیجر ایچ ایس ای (کے پی سی ایل)آفتاب عالم نے وصول کیا۔