اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز) کےستمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے چئیرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت عوامی سماعت کی ۔بدھ کو ہونے والی سماعت میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی (سی پی پی اے جی)نے ایف سی اے کی مد میں تقریبا 71 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی ۔
نیپرا اتھارٹی نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی،جس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔نیپرا نے بتایا کہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پربھی نہیں ہو گا۔