ن لیگ نے اسمبلی کی کارروائی سے توجہ ہٹانے کیلئے ڈی چوک پر جان بوجھ کر سارا ڈرامہ رچایا، ڈاکٹر شبہاز گل

45
مریم صفدر کا اخلاقی اقدار کا درس دینا بھونڈا مذاق ہے، ڈاکٹر شہباز گِل کا مریم صفدر کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ن لیگ نے اسمبلی کی کارروائی سے توجہ ہٹانے کیلئے ڈی چوک پر جان بوجھ کر سارا ڈرامہ رچایا، ن لیگ جانتی تھی کہ تحریک انصاف کے کارکن ڈی چوک جمع ہیں اسلئے انہیں ڈی چوک جانے سے اجتناب کرنا چاہیے تھا، ن لیگی رہنمائوں نے جان کر تحریک انصاف کے کارکنوں کو اکسایا جس سے بدمزگی ہوئی، احسن اقبال پر جوتا پھینکنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے کارکنوں کو ڈی چوک جمع ہونے کیلئے کوئی کال نہیں دی گئی تھی، سارے کارکن ازخود یہاں پر جمع ہوئے جو ان کا وزیراعظم عمران خان سے محبت کا اظہار ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جب ن لیگی رہنما آئے تو تحریک انصاف کے ورکرز نے انہیں واپس جانے کا مشورہ دیا تاکہ کوئی بدمزگی نہ ہو، اس کے جواب میں مریم اورنگذیب نے کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کی جبکہ مصدق ملک حملہ آور ہوئے اور وڈیو میں ساری چیزیں واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں جو کچھ ہوا یہ ن لیگ کا طے شدہ ڈرامہ تھا، ان لوگوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی موجودگی میں ان کے لیڈر کو برا بھلا کہا اور نعرے بازی کی، لیگی رہنمائوں نے جان بوجھ کر کارکنوں کو اکسایا، اگر یہ لوگ سنجیدہ ہوتے تو ڈی چوک جانے سے گریز کرتے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے خود جا کر اعتماد کا ووٹ لیا حالانکہ قانونی طور پر اس کی ضرورت نہیں تھی، مریم صفدر نے دعویٰ کیا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ان کا ٹکٹ چلا ہے لیکن لوگوں نے ان کا ٹکٹ واپس ان کے منہ پر مار دیا، اگر ن لیگ کا ٹکٹ چلتا تو وزیراعظم کو 178 ووٹ نہ ملتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف انتخابات کا انعقاد کرنے کی ذمہ داری پوری طرح سے نہیں نبھا سکا، ہماری الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ وہ وڈیو کے معاملے کی پوری تحقیقات کرائے اور حقائق قوم کے سامنے لائے۔