اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):ترجمان وزیر اعظم و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے الیکشن اصلاحات صرف اور صرف نااہل کو پارٹی صدارت بخشنے کیلئے کیں، جتنا مرضی رو لیں الیکٹرانک ووٹنگ ہو کر رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے الیکشن اصلاحات صرف اور صرف نااہل کو پارٹی صدارت بخشنے کیلئے کیں، پی ٹی آئی نے الیکشن اصلاحات شفافیت کیلئے کی ،
دھاندلی کا رونا رونے والے شفاف انتخابات کرانے سے خائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کے نعرے بلند کئے جاتے رہے، الیکشن کے معاملہ میں آج بھی پاکستان پتھر کے زمانے میں ہے، دنیا ٹیکنالوجی کے استعمال سے کہاں سے کہاں پہنچ چکی۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ کچھ لوگ آج بھی مشین کے استعمال سے خوفزدہ ہیں، اداروں کو میاں مفرور کھلے عام دھمکاتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنی کرپشن کی نظر کر کے کھوکھلا کرنے والے آپ ہیں، آج (ن) لیگ کے درباریوں کو دیکھ کر ڈوبتے کو تنکے کا سہارا والی کہاوت یاد آتی ہے، جتنا مرضی رو لیں الیکٹرانک ووٹنگ ہو کر رہے گی۔