(ن) لیگ کا کام صرف شور مچانا ہے ہم اپوزیشن لیڈر کے خونی انقلاب کو ویلکم کرتے ہیں، کسی کو این آر او نہیں ملے گا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا

34

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا کام صرف شور مچانا ہے ہم اپوزیشن لیڈر کے خونی انقلاب کو ویلکم کرتے ہیں، کسی کو این آر او نہیں ملے گا، یہ سمجھتے ہیں ہم ان کے کیسز سے پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوگا، ہمیں جس حد تک جانا پڑا ہم جائیں گے، ہمارا طرز سیاست مختلف ہے، ہم اداروں پر پریشر نہیں ڈالتے ، ہم اداروں کو آزادانہ تحقیقات کا موقع دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو سیاسی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نظام چلاتی رہی ہیں، تیسری جماعت کا انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا، ہم اپوزیشن لیڈر کے خونی انقلاب کو ویلکم کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کو چاہیے کہ وہ انقلاب سے پہلے اپنے لیڈر سابق وزیراعظم نواز شریف کو ملک واپس لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سمجھتی ہے کہ یہ سب کچھ کرنے سے ہم ان کے کیسز سے پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن پاکستان تحریک انصاف کا پہلے دن سے ایک موقف تھا کہ سب کا بلا تفریق احتساب ہوگا اور ہم اپنے اس موقف پر قائم ہیں، کسی کو این آر او نہیں دیں گے، کرپشن میں ملوث افراد کے احتساب کے لئے ہمیں جس نہج تک جانا پڑا ہم جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہمارا طرز سیاست مختلف ہے، ہم اداروں پر دبائو نہیں ڈالتے اور ہم اداروں کو آزادانہ تحقیقات کا موقع دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جوڈیشل ریفارمز اور انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں، اصلاحات کے لئے آرڈیننس آئے یا صدارتی آرڈر آئے یا جب اسمبلی سے بل پاس کرانے کی بات آتی ہے تو اس وقت اپوزیشن کہتی ہے کہ ہمیں کیا دے رہے ہو، اپوزیشن چاہتی ہے کہ کسی طرح سے ان کی بچت ہو جائے، اپوزیشن ملکی مفاد پر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ 4 سینٹ کی بجلی پوری دنیا میں موجود ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 16 سینٹ پر معاہدہ کیا ہوا ہے، جو چیز دو روپے کی ملتی ہے وہ ہم نے 20 روپے میں لی ہے اور معاہدے کے تحت 15 سال تک لیں گے، گزشتہ حکومت نے کک بیکس وصول کی ہیں، گزشتہ حکومتوں نے ملک کے غریب عوام کا استحصال کیا اور ذاتی اثاثے بنائے۔