ن لیگ کے کرائے کے ترجمانوں کو عید پر بھی چھٹی نہیں ملی، آج بھی توہین عدالت کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا ردعمل

70

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کے کرائے کے ترجمانوں کو عید پر بھی چھٹی نہیں ملی، آج بھی توہین عدالت کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں، توہین عدالت کا لفظ آپ کے منہ سے اچھا نہیں لگتا، سپریم کورٹ پر حملہ، پانامہ فیصلے پر مجھے کیوں نکالا کی تحریک چلائی گئی، ججز اور انکے اہلخانہ کو دھمکیاں دی گئیں،یہ کہا گیا کہ ججز اور انکے اہلخانہ پر زمین تنگ کردیں گے۔

جمعہ کو مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکتِ فرخ حبیب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تو علاج کے لئے ضمانت دی تھی، وہ ہی عدالت اب طلب کررہی ہے،کیاعدالت کا حکم نہ ماننا توہین عدالت نہیں، نیب آزاد ادارہ ہے، اسکا کام احتساب کرنا ہے، نیب نے شہباز شریف کے خلاف7 ارب کا دائرریفرنس دائر کیا، نیب نے شہباز شریف کا نام ایک سی ایل میں ڈالنے کا کہا،کابینہ سب کمیٹی کی بھی سفارشات ہیں، قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ40 سالوں سے شریف فیملی کرپشن، لوٹ مار، من لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا سہارا لیتی رہی، اب یہ کھلی چھٹی ختم، لوٹے ہوئے پیسے کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدلیہ کی آزادی، بحالی کے لئے جدو جہد کی، جیل بھی گئے، آپ لوگ تو گھروں میں چھپے بیٹھے رہے، عمران خان نے اس وقت جب وہ وزیراعظم،وزیراعلی یا وزیر نہیں تھ تب بھی انہوں نے 40 سالہ کمائی کا حساب دیا، 60 دستاویز عدالت میں پیش کی ، آپ کی طرح قطری خط یا جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع نہیں کرائی۔

وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک بھی ٹی ٹی کا حساب نہیں دیا، کیسے مان لیں کہ شہباز واپس آئے گئے، نواز شریف، سلمان شہباز، علی عمران، اسحاق ڈار، حسن نواز اور حسیں نواز سمیت پورا خاندان ہی بھگوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرانے کے طعنے دینے والوں نے پوری زندگی یتیموں اور مسکینوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دورہ سعودی سے 1100 پاکستانیوں کی رہائی، اربوں کی سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے لاکھوں مواقع لائے ہیں۔