ن لیگ گزشتہ 35 سال سے ذوالفقار علی بھٹو کو غدار اور بے نظیر بھٹو کو سکیورٹی رسک قرار دیتی رہی، فیاض الحسن چوہان

65

لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب ،فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ن لیگ گزشتہ 35 سال سے ذوالفقار علی بھٹو کو غدار اور بے نظیر بھٹو کو سکیورٹی رسک قرار دیتی رہی۔ امید کرتا ہوں کہ لاڑکانہ جا کر بیگم صفدر اعوان جلسہ عام میں سب سے پہلے اس بات پر قوم سے معافی مانگیں گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا یہ وہ لوگ ہیں جو کل تک اداروں کی آئینی و قانونی حیثیت کو نہیں مانتے تھے اور آج ان کی اہمیت تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی عدلیہ اور پارلیمنٹ کی حد بندی اور اختیارات میں مداخلت کے حق میں نہیں ہیں۔ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑانے اور اداروں کی رٹ چیلنج کرنے والے لیگی قائدین کے منہ سے یہ باتیں اچھی نہیں لگتیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آل شریف اپنی غضب ناک کرپشن بچانے کے لیے اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور یہ بیگم صفدر اعوان کے جھوٹا ہونے کی دلیل ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے اندرونی انتشار کو چھپانے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے لیکن ان کی ہر تدبیر ناکام ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں نظر آنے والی ہار سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔