بیجنگ۔ 9 اگست (اے پی پی) چین اپنے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کے دارالحکومت چینگدو سے 270 چینی تکنیکی ماہرین کو پاکستان بیھجے گا، جو خصوصی چارٹرڈ طیارے سے چین پاکستان راہداری کے تحت تعمیر کیے جا رہے سوکی کناری پن بجلی منصوبے پر دوبارہ کام شروع کریں گے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن ایجنسی (سی اے اے) نے 12 اگست کو ایئر چائنہ چارٹرڈ فلائٹ سی اے 555/6 سے ان تکنیکی ماہرین کو اسلام آباد جانے کے لئے خصوصی اجازت دے دی ہے۔ چینی ٹیکنیشن خصوصی پروٹوکول کے تحت پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں دریائے کنہار کے کنارے تعمیر کیے جانے والے سوکی کناری پن بجلی منصوبے کام کرنے کے لئے روانہ ہوں گے۔ تمام چینی مسافر روانگی سے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائیں گے اور صرف ان لوگوں کو ہی پاکستان جانے کی اجازت ہوگی جن کے ٹیسٹ منفی آئے گے۔ سوکی کناری خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ کی وادی کاغان میں دریائے کنہار پر واقع دریائے پن بجلی گھر کا زیر تعمیر منصوبہ ہے۔ پاکستان کا یہ منصوبہ 2022ء تک پایہ تکمیل کے بعد 870 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔ اس پن بجلی گھر کی تکمیل سے پاکستان کی صنعتی ترقی اور معاشی بحالی کو فروغ ملیگا۔