وائس چانسلرکے آئی یو نے ہنزہ کیمپس کے لیے مجوزہ زمین کا معائنہ کیا

120

گلگت۔13دسمبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ڈائریکٹر ہنزہ کیمپس ڈاکٹر رحمت کریم کے ہمراہ شینس گنش میں ہنزہ کیمپس کے لیے مجوزہ جگہ کا دورہ کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اس دورے کا مقصد کیمپس کے لیے درکار مناسب زمین کا جائزہ لینا تھا۔ وائس چانسلر نے معائنہ کے دوران زمین کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جن میں آفات سے حفاظت، پانی، بجلی، اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات کی دستیابی، رسائی اور کیمپس کی مستقبل میں توسیع جیسے امور شامل تھیں۔وائس چانسلر نے مکمل جانچ پڑتال کے بعد زمین کو کیمپس کے لیے موزوں قرار دیا۔

یاد رہے کہ جی بی حکومت نے کیمپس کی زمین کے لیے موجودہ اے ڈی پی کے دوران زمین کی خریداری کے لیے 30 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ معاہدے کے مطابق صوبائی حکومت زمین فراہم کرے گی جبکہ عمارتیں اور دیگر انفراسٹرکچر وفاقی حکومت تعمیر کرے گی۔چلاس اور غذر میں KIU کیمپس کے لیے زمین پہلے ہی مختص کی جا چکی ہے۔ دورے کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر نے ہنزہ کیمپس کے قیام میں تعاون پر جی بی حکومت اور ایم ایل اے ہنزہ کرنل عبید اللہ بیگ کا شکریہ ادا کیااور اسے تعلیم سے دوستی قرار دیا۔