سیالکوٹ۔13اگست (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی موجودہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، پاکستان کی ان چند شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے علم، تحقیق اور قیادت کے میدان میں بیک وقت نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ 28 سالہ شاندار تدریسی و تحقیقی سفر میں انہوں نے نہ صرف تعلیمی دنیا میں گہرا اثر چھوڑا بلکہ اپنے وژن اور انتظامی مہارت سے اداروں کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا۔آپ نے جی سی یونیورسٹی لاہور میں بطور وائس چانسلر (اپریل 2024 تا اکتوبر 2024)، ڈین فیکلٹی آف میتھمیٹیکل اینڈ فزیکل سائنسز، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فزکس، چیئرپرسن شعبہ فزکس اور ڈائریکٹر سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز اِن فزکس (سی اے ایس پی) جیسے کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔
لیزر لیبارٹری کی سربراہی (2010 تا 2024) اور نیشنل و انٹرنیشنل ریسرچ نیٹ ورکس کی تشکیل آپ کے وژن کی گواہ ہیں۔آپ نے پی ایچ ڈی ٹیکنیکل یونیورسٹی ویانا، آسٹریا سے امتیاز کے ساتھ مکمل کی، ایم فل یو ای ٹی لاہور، ایم ایس سی جی سی یونیورسٹی لاہور اور بی ایس سی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے کی۔ تعلیمی سفر میں آپ ہمیشہ فرسٹ کلاس اور میرٹ سکالرشپ ہولڈر رہیں۔اس کے علاوہ تحقیق کے میدان میں آپ کی خدمات شاندار ہیں ،آپ کے 240 سے زائد تحقیقی مقالات جن میں 140سے زیادہ بین الاقوامی ہائی امپیکٹ جرنلز میں شائع ہوئے۔
آپ نے 12 پی ایچ ڈی اور 150 سے زائد ایم ایس ؍ ایم فل کے طلبہ کی نگرانی کی اور 82 سے زائد کانفرنسز میں تحقیق پیش کی۔آپ کی قیادت میں جدید ترین تحقیقاتی لیبارٹریز قائم ہوئیں، جن میں لیزر-میٹر انٹریکشن، پلازما، ایکسیلیریٹر اور میٹیریل سائنس کے شعبے شامل ہیں۔ آپ نے بین الاقوامی اداروں مثلاً انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف لیزر اینڈ آپٹکس، اور ٹیکنیکل یونیورسٹی ویانا کے ساتھ مشترکہ منصوبے کامیابی سے مکمل کیے۔
آپ(ارنسٹ میک فالو اپ گرانٹ) کی ونر بھی ہیں اور 2011 سے 2016 تک آسٹریا میں متعدد تحقیقاتی دورے کر چکی ہیں۔علمی و تحقیقی میدان کے ساتھ ساتھ آپ کو اقبالؒ کے کلام اور اردو ادب سے بھی گہری محبت ہے۔ آپ نے بزمِ ادب، مباحثہ اور بیت بازی کے مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور کئی یادگار تقریبات کی میزبانی کی۔
پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کی شخصیت اس بات کی جیتی جاگتی مثال ہے کہ جب علم، تحقیق، محنت اور قیادت ایک جگہ جمع ہو جائیں تو ادارے ترقی کی نئی داستانیں رقم کرتے ہیں۔ آپ کا ویژن گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کو ایک ریسرچ پر مبنی عالمی معیار کا ادارہ بنانے کی طرف گامزن ہے۔