پشاور۔ 28 اگست (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی پشاور کا 56 واں اکیڈمک کونسل کا اجلاس وائس چانسلر ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈینز سمیت پروفیسرز اور منتخب ممبران نے شرکت کی۔
سیکرٹری یونیورسٹی رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔وائس چانسلر ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔کونسل نے نئے انڈرگریجویٹ ڈگری بی ایس ایگریکلچر ڈویلپمنٹ، بی ایس ڈویلپمنٹ سٹڈیز، بی ایس اکنامکس اور بی ایس سوشیالوجی پروگرامز شروع کرنے سمیت جامعہ کی تعلیمی بہتری کے لئے مختلف اکیڈمک آئٹمز زیر بحث لانے کے بعد منظوری دے دی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ملازمین یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور طلبہ و طالبات کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں اور تربیت پر توجہ دیں۔