اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت گولڈن جوبلی تقریبات کی منصوبہ بندی بارے اجلاس منعقد ہوا۔ وائس چانسلر نے ڈینز، پروفیسرز، پرنسپل افسران اور علاقائی ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ جامعہ کے قیام کو آئندہ برس 50سال مکمل ہوجائیں گے اس حوالے سے تقریبات میں طلبہ کو شامل کرکے گولڈن جوبلی کوبھرپور طریقے سے منائیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے تیاریوں کوحتمی شکل دینے کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن میں جامعہ کے تاریخی تناظر کو اجاگر کرنے، ہسٹری کارنر کے قیام، ایلومینائی ایسوسی ایشن، کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد، مین کیمپس اور صوبائی دارالحکومتوں میں کانووکیشن کے انعقاد سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔تمام کمیٹیوں نے اپنے حصے کے کاموں کو شیڈول کرنے کے لئے اجلاسوں کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ نے 1974 میں بنیادی نوعیت کے کورسز سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا،بعد میں انٹرمیڈیٹ اور بی اے کی سطح کے پروگرام شروع ہوئے، 1990 کی دہائی میں ایم اے اور ایم ایس سی سطح کے پروگرام شروع کئے ،بعد ازاں تعلیمی پروگراموں کا دائرہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح تک بڑھا دیا گیا اور آج یہ قومی جامعہ طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی بن چکی ہے۔ 2024میں اس قومی جامعہ کے 50سال مکمل ہونے جارہے ہیں، یونیورسٹی نے قیام سے لے کر اب تک مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اس لئے 50سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔