26 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںوائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی زیر...

وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

- Advertisement -

گلگت ۔27اگست (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے اساتذہ،ملازمین،طلبہ وطالبات اور اُن کے والدین پر زور دیا کہ وہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں معیاری تعلیم وتحقیق کے سفر کو جاری رکھنے اور جامعہ کو ہر قسم کی سیاسی،مذہبی اور علاقائی مداخلت سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں وائس نے کہاکہ اساتذہ رُوحانی والدین کا درجہ رکھتے ہیں۔چنانچہ اُن کے لئے ضروری ہے کہ وہ طلبا کی تعلیم کے ساتھ اُن کی تربیت پر بھی زور دیں اور اُن کی اخلاقی اقدار کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جس کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود بھی بہترین کردار کا نمونہ پیش کریں۔اجلاس میں کہا گیا کہ اس وقت بین الاقوامی سازش کے ذریعے خطے میں ففتھ جنریشن جنگ شروع کی گئی ہے۔جس کا مقصد عوام اور خصوصاً نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کُن پروپیگنڈے سے ملک وقوم اور اداروں سے متنفر کرنا ہے۔چنانچہ نوجوانوں کو اس سازش سے بچانے کے لئے اساتذہ کو اُن کی تربیت پرزیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

- Advertisement -

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان اس وقت ترقی کے سفر پر گامزن ہے اور حالیہ دنوں میں ٹورزم ودیگر منصوبوں میں واضح بہتری آئی ہے۔اسی طرح سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ کے منصوبوں کے اجراء سے جی بی میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دو ر عنقریب شروع ہونے والا ہے۔چنانچہ ان اہداف کے حصول کے لئے علاقے میں امن و آشتی کا قیام انتہائی ناگزیرہے۔جس کے لیے ہرطرح کی ہم آہنگی و اتفاق کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں شرکاء نے اس بات پر بھی اظہار کیاکہ تاریخی اعتبار سے خطہ مختلف تہذیبوں،زبانوں اور عقائد کی آماجگاہ رہا ہے اور یہاں کے لوگوں کی فراخ دلی اور مہمان نوازی کی وجہ سے وسطی ایشیاء اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے لوگ یہاں آکر آباد ہوگئے ہیں۔جو یہاں کے لوگوں کی محبت اور خلوص کا آئینہ دار ہے۔اجلاس میں سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں ‘تمام ملازمین و طلباء کو یونیورسٹی میں داخلے اور یونیورسٹی کے اوقات کار کے دوران یونیورسٹی کارڈواضح طورپر آویزاں کرنا ہوگا نہ کرنے کی صورت میں یونیورسٹی میں داخلہ ممنوع ہوگااور اُن پر جرمانہ لگایاجائے گا۔

یونیورسٹی میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جائے گی اور اس ضمن میں تمام ملازمین سے تعاون کی گزارش کی گئی اور سیکورٹی سٹاف کو ملازمین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تلقین کی گئی ہے۔یونیورسٹی میں مہمانوں کے داخلے کے لیے ضروری کی گئی ہے کہ وہ گیٹ نمبر 1پر اپنی شناخت کرانے سمیت مہمان کے لئے مخصوص کارڈ جاری کرائیں دیگراحکامات کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں بلند آواز میں گانے،تقاریر سننے کی ہرگز اجازت نہیں بصورت دیگر تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383245

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں