اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بورڈ آف ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ(بسر)کا 67واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ڈائریکٹر بسر پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ نے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمدکی تفصیلی رپورٹ اور رواں اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ مختلف شعبہ جات کے 15طلبہ نے تحقیقی خاکے پیش کئے جن میں نیوٹریشنل سائنس اینڈ انوائرمینٹل ڈیزائن کے 4،شماریات کا 1،ایجوکیشن پلانگ،پالیسی سڈیز اینڈلیڈر شپ کے 4جبکہ تاریخ کے 6 سکالرز شامل تھے۔
اجلاس میں یونیورسٹی کے چاروں فیکلٹیوں کے ڈینز، ممتاز سکالرز، سبجیکٹ سپیشلسٹس،سپروائزر اورہیڈ آف ڈپارٹمنٹس کے علاوہ بورڈ کے مستقل رکن پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک شریک تھے۔ سبجیکٹ سپیشلسٹس میں پروفیسر ڈاکٹرمحمد عمران، پروفیسر ڈاکٹر ملک غلام بہلول، پروفیسر ڈاکٹرتنویر انجم، ڈاکٹر وجیہہ شاہد، ڈاکٹر مجیب احمد، ڈاکٹر عاصمہ سہیل شامل تھے۔طلباء و طالبات کے تحقیقاتی موضوعات کو باریک بینی سے پرکھا گیا اور معمولی تبدیلیوں کے ساتھ موضوعات کی منظوری دی گئی۔
بورڈ نے پی ایچ ڈی کے چند سکالرز کو سائناپسز کو مزید بہتر بنانے اور اگلے اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کے ڈینز اور شعبہ جات کے سربراہان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے طلبہ کو ایسے موضوعات دیں جن میں وہ دور حاضر کے مسائل کے حل کی نشاندہی کرسکے۔انہوں نے تحقیقی خاکوں کو معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تحقیقی خاکے معیار پر پورے ہوں تو اس فورم پر پیش کیا کریں۔