وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت کی زیر صدارت اے ایس آر بی کا اجلاس

19

کوئٹہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) کا 22واں اجلاس منعقد ہوا۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس میں وائس چانسلر نے تحقیق کے فروغ اور گریجویٹ سطح پر اعلیٰ معیار کے تحقیقی کام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا جس میں مختلف گریجویٹ پروگراموں کے سائناپسز کے دفاع، تھیسسز اور ان کے جائزے، وائوا رپورٹس سمیت متعدد اکیڈمک امور شامل تھے۔ اجلاس میں تمام نکات کا جامع جائزہ لیا گیا

اور بورڈ نے انہیں یونیورسٹی پالیسیوں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) کے رہنما اصولوں کے مطابق منظور کیا۔اجلاس میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، رجسٹرار ڈائریکٹرز اور گورنمنٹ شہید ایوب بلیڈی کالج تربت کے پرنسپل نے شرکت کی۔ شرکاء نے تعلیمی اور تحقیقی معاملات پر قیمتی تجاویز پیش کیں جنہیں وائس چانسلر نے نہایت سراہا۔ انہوں نے اجلاس میں بورڈ ارکان کی فعال شرکت اور فکر انگیز آرا کو یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی کے لیے خوش آئند علامت قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے

اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آف تربت اعلیٰ تعلیم اور معیاری تحقیق کے میدان میں اپنی پیشرفت جاری رکھے گی اور ملکی سطح پر تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔