سرگودہا۔14جنوری (اے پی پی):وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی زیر صدارت ملٹی پرپز ہال کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، یونیورسٹی ڈینز، رجسٹرار، ٹریژر،کنٹرولر امتحانات، پرنسپلز، مختلف تعلیمی شعبہ جات کے صدور اور انتظامی شعبہ جات کے ڈائریکٹرز و انچارج صاحبان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف تعلیمی، انتظامی، تحقیقی، تعمیراتی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں خصوصی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے تمام طالب علم بالخصوص تخلیقی ذہن رکھنے والے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ طالب علموں کو نئی راہیں دکھانا اور انہیں اس قابل بنانا کہ وہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد نا صرف وطن عزیزکے مفید شہری بنیں بلکہ پوری دنیا میں وہ پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ انہی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں باقاعدہ ای روزگار کا شعبہ بنایا ہے جس کے تحت طالب علم دورانِ تعلیم باعزت روزگار بھی کما رہے ہیں اور اسی شعبہ کو ہم نے ایسا اپ گریڈ کیا ہے کہ اس سال ہمارے ساڑھے چار ہزار سے زائدیونیورسٹی میں زیر تعلیم طالب علم اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مسائل آتے رہتے ہیں اور یہ وقت معاشی مسائل کا ہے جس پر قابو پانے کے لئے یونیورسٹی آف سرگودھا مختلف اقدامات کررہی ہے اور اس کے واضح اثرات سامنے آرہے ہیں۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نئی وضع کردہ ایفلی ایشن پالیسی کے حوالے سے بھی خصوصی بات چیت ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے واضح کیا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی کے مطابق تعلیمی اداروں کا الحاق کررہی ہے اور ہمیشہ انہی اداروں کو الحاق کی منظوری دی ہے جو میرٹ اور قانون کے مطابق پورا اترتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر تمام متعلقہ سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ الحاق ہونے والے اداروں کا باقاعدہ دورہ کریں۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح کے داخلوں کے لئے ایک باقاعدہ ٹیسٹ کی پالیسی بنائیں تاکہ ہم ایسے باصلاحیت طالب علموں کو داخلہ دیں جو معیاری تحقیق کریں اور وطن عزیز کو علمی اعتبار سے فائدہ دیں۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تمام یونیورسٹی تعلیمی و انتظامی سربراہان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی جلد اپنا ویب ٹی وی شروع کررہی ہے جس کے تحت ہم تعلیمی پروگرام باقاعدہ نشر کریں گے اور مستقبل قریب میں ہم سیٹلائٹ ٹی وی کا بھی آغاز کردیں گے جس کے لئے شعبہ ابلاغیات نے باقاعدہ تیاری شروع کردی ہے۔
وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں زبانوں کے فروغ اور ان کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لئے ہم ایک لینگوئج لیب کا آغاز کررہے ہیں ۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی زیر قیادت ہم نے یونیورسٹی کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لئے جامع پلان ترتیب دے دیا ہے اور یہ پراجیکٹ بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد پوری یونیورسٹی باقاعدہ سولر انرجی پر منتقل ہوجائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام تعلیمی و انتظامی سربراہان نے نئے قائم ہونے والے وڈیو کانفرنس روم کا باقاعدہ دورہ کیا ۔