وائس چیئرمین واسا لاہور کا بارش کے دوران مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ،نکاسی آب آپریشنز کا جائزہ لیا

43

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):وائس چیئرمین واسا لاہور چوہدری شہباز احمد نےڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر واسا عبدالطیف کے ہمراہ بارش کے دوران ظہور الہی روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ، کلمہ چوک انڈر پاس اور گارڈن ٹائون کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشنز کا جائزہ لیا۔وائس چیئرمین واسا اس دوران عثمان بلاک ڈسپوزل سٹیشن بھی پہنچے اور وہاں موجود مشینری، پمپس اور عملے کی کارکردگی کو چیک کیا۔

انہوں نے تمام ڈسپوزل سٹیشنز پر سکرینوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی میں کوئی خلل نہ آئے۔اس کے علاوہ وائس چیئرمین واسا نے لبرٹی چوک میں قائم مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا دورہ بھی کیا اور نکاسی آب کے نظام، آپریشنل سٹاف کی موجودگی اور مشینری کی تیاری کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر گلبرگ محمد امجد نے انہیں بریفنگ بھی دی۔

وائس چیئرمین واسا لاہور نے تمام مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کیمپس اور ڈسپوزل سٹیشنز پر مشینری اور عملہ ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔