لندن۔12جون (اے پی پی):انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام رواں برس جاری وائٹیلٹی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں (کل)جمعہ کو مزید 7 میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ورسیسٹر شائر اور لنکاشائر کی ٹیموں کے درمیان نیوروڈ،ورسیسٹر کے مقام پر کھیلا جائے گا،دوسرے میچ میں یارکشائر اور وارکشائر کی ٹیمیں ہیڈنگلے،
لیڈز میں آمنے سامنے ہوں گی،تیسرا میچ نارتھمپٹن شائراور ڈرہم کی ٹیموں کے درمیان کائونٹی گرائونڈ،نارتھمپٹن میں کھیلا جائے گا،چوتھے میچ میں ناٹنگھم شائر اور ڈربی شائر کی ٹیمیں ٹرینٹ برج، ناٹنگھم کے مقام پر نبرد آزما ہوں گی،پانچواں میچ سسیکس اور ایسیکس کی ٹیمیں کاؤنٹی گراؤنڈ، ہوو کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی ، چھٹا میچ ہیمپشائر اور مڈل سیکس کی ٹیموں کے درمیان روز باؤل، ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا
جبکہ 13 جون کا ساتواں اور آخری میچ گلوسٹر شائر اور سمرسیٹرکی ٹیموں کے درمیان کائونٹی گرائونڈ برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے لیگ میچز 18جولائی کو ختم ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 3ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل میچ 13ستمبر کو کھیلے جائیں گے ۔گلوسٹر شائرکی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔