راولپنڈی۔7نومبر (اے پی پی):6 نومبر 2023 کوضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگانے والے نائیک خوشدل خان (عمر 31 سال، ساکن ضلع لکی مروت)، نائیک رفیق خان (عمر 27 سال، ساکن ضلع چارسدہ) اور لانس نائیک عبدالقادر (عمر 33 سال، ساکن ضلع مری) کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا ء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔شہداء کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوان، عزیز واقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے عزم اور حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں ، دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔