وادی راجگال میں پاک فوج کی زمینی اور فضائی کارروائی، 9 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی ہو گئے، 6 ٹھکانے تباہ کردئےے، آئی ایس پی آر

160

پشاور ۔ 20 اگست (اے پی پی) پاک فوج کی خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں ہفتہ کو زمینی اور فضائی کارروائی کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے اسلحہ کے ایک گودام سمیت 6 ٹھکانوں کو تباہ کردیا ۔ پاک فوج کے جاری خیبر III آپریشن کے دوران حالیہ فضائی اور زمینی آپریشن کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے جبکہ 15 دہشت گرد زخمی ہیں۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق افغان سرحد کے قریب بلند پہاڑیوں میں واقع دہشت گردوں کے 6 ٹھکانوں کو تباہ کردیا اور لڑاکا طیاروں نے آپریشن میں حصہ لیا جس کے بعد کامیاب زمینی کارروائی عمل میں لائی گئی، اس دوران 9 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں کے حملہ کے علاوہ زمینی پیش قدمی بھی جاری ہے، یہ فوجی کارروائی بابر کچکول کے پہاڑوں، نارے ناﺅ اور تورسپر کے علاقوں میں کی گئی ہے۔ خیبر ایجنسی میں تیراہ وادی دہشت گردوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ تھا جسے سابقہ دو کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے پاک کیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آپریشن خیبر III گذشتہ منگل کو شروع کیا گیا تھا