فیصل آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا کہ محکمہ میں جزا اور سزا کا عمل شروع کردیا گیاہے لہٰذااحکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی جبکہ ذمہ داری اور فرائض کی بخوبی احسن انجام دہی پر افسران و عملہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے عوامی شکایات بروقت حل نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے واضح کیا کہ صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر پورٹل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سمیت دیگر پورٹلز پر سیوریج اور واٹر سپلائی کی موصول ہونے والی شکایات کو چوبیس گھنٹوں میں حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے تاہم ان میں سے چند ایسی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جن کے حل کیلئے مقرر کردہ وقت سے زیادہ وقت لیا گیا ہے جس کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ صارفین کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاہم اگر کوئی افسر یا فیلڈ سٹاف پورٹلز پر درج شکایات کے حل کیلئے غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ کرے گا تو وہ قابل قبول نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ محکمہ واسا پر عوام کا اعتماد مزید بحال ہو اسلئے کسی قسم کی عدم توجہی کرنے پر متعلقہ افسران اور سٹاف کے خلاف سخت محکمانہ تادیبی کارروائی عمل میں لائے گی۔