واسانےنادہندہ صارفین کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے کی خصوصی مہم مزید تیز کردی

162
Wasa
Wasa

فیصل آباد۔ 19 نومبر (اے پی پی):مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر نادہندہ صارفین کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے کی خصوصی مہم مزید تیز کردی گئی ہے۔

واسا ترجمان کے مطابق نومبر کے پہلے تین ہفتوں کے دوران ایسٹ زون میں اب تک 83 ڈیفالٹرز صارفین کے سیوریج کنکشن کاٹ دئیے گئے جبکہ132 نادہندہ صارفین سے 20 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری بھی کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ جاوید غنی کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹرز شاہد علی پاشا،پرویزاقبال چدھڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر و انچارج ڈس کنکشن ٹیم ظفراقبال قادری نے مشترکہ طور پر کالج روڈ سمن آباد،علامہ اقبال کالونی،راجہ غلام رسول نگر،مقبول روڈ سمندری روڈ،امین آباد، چک نمبر204 روڈ سمیت متعدد علاقوں میں نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کی معیاری سروسز کے حصول کے لئے صارفین کو اپنے ذمہ واجب الادا واجبات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ماہانہ بلز جمع کرانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

انہوں نے ڈس کنکشن ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ریونیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں اور اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی کریں بصورت دیگر ان کے سیوریج کنکشن منقطع کردئیے جائیں گے جس کی تمام ذمہ داری نادہندہ صارفین پر عائد ہو گی۔