فیصل آباد۔ 30 مئی (اے پی پی):صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا ہے کہ واسا فیصل آباد نے موسم برسات کے دوران نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں، تمام مشینری فنکشنل جبکہ ڈسپوزل اسٹیشن پر بجلی کے متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کے ہمراہ واسا ہیڈ آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں نکاسی آب کی بہترین سروسز پر فوکسڈ ہیں اور ایک جامع اور موثر پلان کے تحت واسا فیصل آباد نے گزشتہ ایک سال کے دوران نکاسی و فراہمی آب کی سروسز ڈیلیوری کے حوالے سے بہت زیادہ امپروومنٹ کی ہے اور اس وقت واسا فیصل آباد پنجاب بھر کے تمام واساز میں کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست ہے۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ مون سون پلان کی تیاری کے سلسلے میں ڈرینج نالوں اور سیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مرکزی کنٹرول 15 جون سے فعال ہو جائے گا۔ تمام مشینری کی انسپکشن بھی کی جارہی ہے اور مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کے حوالے سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں بھی واسا فیصل آباد نے نمایاں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال اپریل میں جو ریکوری 26 کروڑ روپے تھی اپریل 2025 میں 37 کروڑ روپے ہو چکی ہے اور امید ہے کہ واسا اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے مستحکم ہو رہا ہے جو کہ ایک پازیٹو سائن ہے۔ بیرسٹرسلطان باجوہ نے کہا کہ واسا فیصل آباد کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 14 نئی ترقیاتی سکیموں میں سے 8 سکیموں پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے
جبکہ باقی سکیموں پر جلد کام شروع ہو جائے گا اور ان تمام ترقیاتی سکیموں پر کام مکمل ہونے پر شہریوں کے نکاسی آب کے مسائل پر کافی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔ قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واسا 225 کلو میٹر ایریا میں سیوریج کی سروسز فراہم کررہا ہے جبکہ سیوریج لائنوں کی مجموعی لمبائی 2110 کلومیٹر ہے جن کی ڈی سلٹنگ مکمل کی جارہی ہے۔اسی طرح چار نئے ڈسپوزل اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں جن میں چکیرہ، گلستان کالونی، ڈجکوٹ اور پی ایس 42 شامل ہیں جن کے آپریشنل ہونے سے ملحقہ آبادیوں کو سیوریج ڈسپوز آف کرنے کے حوالے سے بہت ریلیف ملے گا۔ انہوں نے واسا فیصل آباد کی مجموعی کارکردگی، سیوریج، واٹر سپلائی، ریونیو ریکوری، فارن فنڈڈ پراجیکٹس، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی
جسے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ نے سراہا۔ ڈی ایم ڈی سروسز اکرام اللہ چوہدری نے مون سون سیزن بارے تیاریوں، مشینری اور گاڑیوں کے فنکشنل ہونے سمیت دیگر امور بارے بریفنگ دی۔ ڈی ایم ڈی انجینئرنگ ثاقب رضا نے اے ڈی پی کی ترقیاتی سکیموں کی اپ ڈیٹیڈ صورتحال بارے تفصیلی بریف کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603531