لاہور۔30جون (اے پی پی):واسا لاہور میں ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں واجبات کے چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد ،ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے ملازمین میں چیک تقسیم کیے۔واسا لاہور کے 42 ریٹائر ہونے والے والے ملازمین میں چیک تقسیم کیے گئے۔ریٹائر ہونے والے ملازمین میں 14 سینیٹیشن ورکرز ، 8 اسسٹنٹ سپروائزر ،9 پائپ فٹر ،1 نائب قاصد ، 1جونیئر پمپ آپریٹر ، 1 سکیورٹی گارڈ ،4 سپر وائزر ،1 سویپر ، 3 ایس جی ٹی او ورکرز شامل تھے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا نے کہا کہ واسا ملازمین شہر لاہور کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،آج ہم ان کی برسوں کی محنت کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ زندگی کا ایک نیا باب ہے، جسے عزت و وقار کے ساتھ گزارنے کی دعا ہے۔ڈی جی واسا پنجاب نے کہا کہ ہر ریٹائر ہونے والے ملازم کو اس کا حق وقت پر اور عزت کے ساتھ دیا جائے، اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تمام واساز میں ریٹائرمنٹ سے قبل واجبات کے چیک تقسیم کا طریقہ کار لاگو کیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا ملازمین نے ادارے کی ترقی میں جو کردار ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے،ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ادارہ ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔واسا لاہور کے ملازمین کی بروقت ریٹائرمنٹ چیک کی تیاری پر ایم ڈی واسا نے ڈائریکٹر ایڈمن محمد وسیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر معین شاہ اور ان کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
سی بی اے یونین نے واسا لاہور ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے دن چیک تقسیم کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سی بی اے یونین سے چوہدری فاروق اور چوہدری شاہد نصر سمیت دیگر بھی شریک تھے۔