ملتان۔ 29 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان خالد رضا خان کی ہدایت پرعید الفطرکے موقع پرفراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بلا تعطل رواں رکھنے کے لیے آپریشنل اورمینٹینینس سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات کے لیے تمام سیوریج،واٹرسپلائی اورڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔اس دوران واسا کا آن لائن کمپلینٹ سیل 24 گھنٹے کھلا رہےگا، سیوریج اور واٹر سپلائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالہ کے لیے ٹیمیں دفاتر میں موجود ہوں گی۔
واسا کے مرکزی کمپلینٹ سیل نمبر 1334 پرموصول ہونے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائےگا۔عید تعطیلات کے انتظامات کے حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے تمام سیوریج،واٹر سپلائی اورڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنی اپنی حدود میں الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔
انہوں نے عید کے موقع پر نکاسی آب کے انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر ورکس عارف عباس اور فراہمی آب کے انتظامات سے متعلق ڈائریکٹرانجینئرنگ منعم سعید کو فوکل پرسن مقرکر دیا ہےاورانہیں عید تعطیلات کے دوران فراہمی و نکاسی آب کا سسٹم بلا تعطل رواں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577258