فیصل آباد۔ 10 جولائی (اے پی پی):واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی فیصل ۱ٓباد نے مون سون کی بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری نکاس کیلئے سپیشل سکواڈز تشکیل دے دیئے ہیں اور جدید ترین مشینری سے لیس یہ سکواڈز پہلے سے تعینات شدہ عملہ کی معاونت کیلئے فوری متاثرہ مقامات پر پہنچیں گے جبکہ ہیڈ آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے ان کی کارکردگی مانیٹر کی جائے گی نیزتین مرکزی شکایا ت سیل بھی موسم برسات کے اختتام تک 24گھنٹے کام کریں گے تاکہ مون سون کی بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی فیصل ۱ٓباد کے ایم ڈی عامر عزیز نے بتایا کہ اگرچہ مون سون کے آغاز سے قبل ہی نالیوں،نالوں، گٹروں اور سیور لائنوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور بڑے نالوں کی ڈی سلٹنگ بھی مکمل کی جارہی ہے لیکن پھر بھی بعض مقامات پر شہریوں کے غیر ذمہ دارانہ رویہ اور کوڑا کرکٹ و دیگر کچرااور مکانات و دکانات وغیرہ کا ملبہ اور جانوروں کی آلائشیں وغیرہ مین ہولز، سیور لائنوں، نالیوں اور نالوں میں پھینکنے سے پانی کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے بتایاکہ اب بھی روزانہ کی بنیاد پر ڈی سلٹنگ مہم جاری ہے جس کے نتیجہ میں بارشی پانی کا کم سے کم وقت میں اخراج ممکن بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ واسا کی تمام ہلکی و بھاری مشینری مکمل طور پر فعال ہے اور موسم برسات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو مکمل رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ واسا کے ریسکیو و ایمر جنسی کمپلینٹ سنٹر ز پر ڈی واٹرنگ سیٹ اور ضروری ساز و سامان موجود ہے لہٰذا شہری کسی بھی جگہ پر بارشی پانی کا نکاس نہ ہونے کی فوری اطلاع کنٹرول رومز کو فراہم کریں تاکہ فوری کاروائی یقینی بناتے ہوئے پانی کا نکاس کیا جا سکے۔انہوں نے بتایاکہ واسا کے مین کنٹرول روم کا انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر کو بنایا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ایم ڈی واسا کو موسمی حالات کے بارے میں رپورٹ فراہم کریں گے۔