ملتان۔ 28 دسمبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان کی ہدایت پر نیو ملتان سیوریج سب ڈویژن کے علاقے خانیوال روڈ اور متی تل روڈ سے گٹروں کے ڈھکن اور ان کے کڑے چوری کرنے والے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے بارے استغاثہ تھانہ سیتل ماڑی کو بھجوا دیا گیا ہے ۔
عیدگاہ سیوریج سب ڈویژن کی طرف سے ایم ڈی واسا خالد رضا خان کو رپورٹ پیش کی گئی تھی کہ خانیوال روڈ نزد مختار اے شیخ ہسپتال اور متی تل روڈ نزد کیکر والا کے علاقوں سے نامعلوم افراد نے مین ہول کور اور کڑے چوری کر لیے ہیں اس تمام صورتحال پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے سخت نوٹس لیا ۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے اگر کوئی شخص مین ہول کور یا کڑے چوری کرتا ہوا نظر آئے تو فوری طور پر پولیس یا بلا تاخیر واسا کے مرکزی کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر 1334 پر شکایت درج کروائیں۔