واشنگٹن میں جی ٹوئنٹی مالیاتی اجلاس اختتام پذیر

131

واشنگٹن ۔ 14 اپریل (اے پی پی) جی 20 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں کا 2 روزہ اجلاس امریکا کے دارلحکومت واشنگٹن میں اختتام پذیرہو گیا۔ اوساکا میں جون میں ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس سے قبل یہ وزارتی سطح کا پہلا اجلاس تھا۔اجلاس کے دوسرے روز جاپانی وفد کے سربراہ نے تجارتی تنازعات کے پس منظر میں موجود دنیا بھر میں رواں کھاتوں میں عدم توازن کا مسئلہ اٹھایا۔ جاپان نے عدم توازن کو درست کرنے کے لیے، دیگر ممالک پر ڈھانچہ جاتی اصلاحات میں تعاون اور نفاذ کے لیے زور دیا۔جاپان کے وزیر خزانہ اور اجلاس کے شریک سربراہ تارو آسو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت میں تنزلی کا خطرہ موجود ہے، تاہم شرکاء کا اس بات پر اتفاق ہے کہ رواں سال کی دوسری ششماہی میں معیشت معتدل انداز میں اوپر اٹھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں کھاتوں میں عدم توازن کے معاملے پر جاپان نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں۔ انہوں نے اس پر مزید مباحثے کی خواہش کا اظہار کیا۔شرکاء نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ آئی ٹی کی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں پر 2020ءتک ٹیکس عائد کر نے کی راہیں تلاش کر لی جائیں گی۔ جی 20 سربراہ اجلاس سے قبل مالیاتی سربراہان، جون میں جنوب مغربی جاپان کے فوکواوکا شہر میں جمع ہوں گے اور دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔