واشنگٹن میں شامی سفارت خانے پر نیا پرچم لہرانے کی اجازت، امریکی شہریوں کو شام چھوڑ نے کی ہدایت

147

واشنگٹن ۔17دسمبر (اے پی پی):امریکا نے واشنگٹن میں شام کے سفارت خانے پر اس کا نیا پرچم لہرانے کی اجازت دے دی ، دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو شام چھوڑنے کی ہدایت کی ہے ۔

اردو نیوز کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں تمام امریکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر شام کو چھوڑ دیں ۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ شام میں سکیورٹی کی صورت حال ابھی تک غیر یقینی ہے اور ملک کے تمام حصوں میں مسلح تنازع کے حالات سے متعلق کوئی پیشنگوئی نہیں کی جا سکتی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جو امریکی شہری شام کو چھوڑ نہیں سکتے وہ ہنگامی پلان تیار رکھیں اور اپنے مقامات پر طویل عرصے تک پناہ کے لئےتیار رہیں۔

یاد رہے کہ نیا پرچم لہرانے کی اجازت کے باوجود واشنگٹن میں شامی سفارت خانہ بند رہے گا۔ دمشق میں امریکی سفارت خانے نے 2012 سے اپنا کام معطل کر دیا تھا اور یہ ابھی تک معطل ہے۔امریکی حکومت شام میں موجود امریکیوں کو کسی بھی قسم کی معمول کی یا ہنگامی قونصل خدمات فراہم کرنے سے قاصر ہے۔